سری نگر// گورنمنٹ ریلوے پولیس کشمیر(جی آر پی کے ) نے ہفتے کے روز او ایچ ای تانبے کی تار لوٹنے میں ملوث21 افراد کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے زائد از ساڑھے تین لاکھ روپیے مالیت کی تار ضبط کی ہے ۔جی آر پی کے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ریلوے حکام نے ایک نجی کمپنی آر ایس انفرا پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے ستمبر 2020 سے بارہمولہ سے بانہال تک ریلوے ٹریک پر او ایچ ای تانبے کی تار بچھانے کا کام شروع کیا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ اس دوران مذکورہ کمپنی نے شکایت کی کہ سوپور، پٹن، بڈگام، سری نگر اور بجبہاڑہ علاقوں میں رات کے دوران نامعلوم افراد تار چوری کرتے ہیں۔ریلوے پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ مذکورہ کمپنی کی طرف سے تحریری شکایت درج ہونے کے بعد بارہمولہ، ہامرے ، سری نگر اور اننت ناگ ریلوے پولیس اسٹیشنوں میں9 ایف آئی آر درج کئے گئے جن میں سے چار ایف آئی آر سال 2021 میں جبکہ پانچ سال2022 میں درج کئے گئے ۔بیان میں کہا گیا کہ ان مقدموں کی تحقیقات کرنے کے لئے ریلوے پولیس کے ایس ایس پی نے متعلقہ ایس ایچ اوز کی قیادت میں تین ٹیمیں تشکیل دیں۔بیان کے مطابق مذکورہ ٹیموں نے سخت محنت کے بعد تار چوری کرنے کے الزام میں 21 افراد کو گرفتار کیا اور ان کی تحویل سے 3 لاکھ 56 ہزار 5 سو 72 روپیے مالیت کی تار بر آمد کی جس کا وزن 388 کلو ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ چوری کرنے کے لئے استعمال کی جانی والی چیزیں جیسے ہیگزا بلیڈس، رسی، گلوز اور چار لوڈ کیرئیر بھی ضبط کئے گئے ہیں۔