کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ امام الدین نے آج سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کپواڑہ کا دورہ کیا اور اُنہوں نے کووِڈ کنٹرول روم اور اور ضلع میں کووِڈ ۔19 کی تازہ لہر سے نمٹنے کے لئے ہسپتال اِنتظامیہ کی طرف سے اُٹھائے گئے دیگر اِقدامات کا معائینہ کیا۔دورے کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے ہسپتال میں قائم کووِڈ کنٹرول روم کا معائینہ کیا اور کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے گھریلو آئیسولیشن میں رہنے والے کووِڈ مریضوں سے ٹیلی فونِک بات چیت کی اور ان کی صحت اور ہسپتال اِنتظامیہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے ہسپتال کے دیگر شعبوں بشمول آئی پی ڈی ، او پی ڈی ، ایکسرے اور گائنی کا جائزہ لیا۔ اِس کے علاوہ ڈاکٹروں اور مریضوں کے ساتھ بات چیت کی۔اُنہوں نے کووِڈ مریضوں کی صحت دیکھ بھال کے لئے ہسپتال میں قائم ٹرائیج کا بھی معائینہ کیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے میڈیا اَفراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے دو ہسپتالون بشمول ایس ڈی ایچ کپواڑہ اور ڈسٹرکٹ ہسپتال ہندواڑہ میں ٹرئیجز قائم کئے گئے ہیں جس کا مقصد کووِڈ کے مختلف مریضوں کوصحت خدمات فراہم کرنا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے کہا کہ یہ ضلع کووِڈ کنٹرول روم اور بلاک لیول کنٹرول روم کے ذریعے کووِڈ مریضوں کو ان کی دیگر بیماریوں کی جانچ کرنے کے لئے فراہم کی جانے والی باقاعدہ صحت دیکھ بھال اور رہنمائی کے علاوہ ہے۔