سری نگر// گرمائی دارلحکومت سری نگر میں جمعے کو دو بجے کے بعد ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے ساتھ ہی تمام بازار سنساں نظر آئے اور سڑکوں پر ٹریفک کا رش بھی تھم گیا۔بتادیں کہ کورونا کیسز میں درج ہو رہے اضافے کے پیش نظر انتظامیہ نے ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی ہے۔سٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی کے تازہ حکمنامے کے مطابق اب یونین ٹریٹری میں جمعے کے روز دو بجے سے پیر کی صبح چھ بجے تک لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ شہر میں حکام کی گاڑیاں دو بجے سے قبل ہی بازاروں کا گشت کر رہی تھیں جن میں بیٹھے اہلکار دو بجے کے بعد لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ دو بجنے کے ساتھ ہی تمام بازاروں میں دکانداروں نے اپنے اپنے دکان بند کرنے شروع کئے اور تین بجنے سے قبل ہی شہر کے تمام بازار بند ہوگئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کہیں کہیں خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی گئی۔موصوف نامہ نگار نے کہا کہ سڑکوں پر بھی ٹریفک کی نقل و حمل کم ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ دو بجے کے بعد لوگوں کو بھی اپنے اپنے گھروں کی طرف روانہ ہوتے ہی دیکھا گیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات اور قصبہ جات میں بھی دو بجے کے بعد بازار بند ہوگئے اور سڑکوں پر بھی ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل تھم گئی۔قابل ذکر ہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی کورونا کیسز میں آئے روز بے تحاشا اضافہ درج ہو رہا ہے۔یونین ٹریٹری انتظامیہ کورونا کی اس لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے مختلف النوع اقدام کر رہی ہے۔