انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے رواں سال آسٹریلیا میں ہونے والے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کردیا۔ٹورنامنٹ 18 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا کے سات شہروں میں کھیلا جائے گا جس میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ان 16 میں سے 12 ٹیموں کی پہلے ہی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ بقیہ 4 کا تعین گلوبل کوالیفائنگ راؤنڈ کے ذریعے کیا جائے گا۔میگا ایونٹ کا پہلا میچ 16 اکتوبر کو سری لنکا اور نمیبیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔پہلا راؤنڈ:ٹورنامنٹ کا آغاز سپر 12 کی فائنل چار ٹیموں کا تعین کرنے کے لیے چھ روزہ گروپ مرحلے سے شروع ہوگا۔گروپ ’اے‘ میں سری لنکا اور نمیبیا دو دیگر کوالیفائرز کے ساتھ شامل ہوں گے، گروپ ’بی‘ میں گلوبل کوالیفائر کی دو اضافی ٹیموں کے ساتھ ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ شامل ہوں گے۔گروپ ’اے‘ کی فاتح ٹیم اور گروپ ’بی‘ کی رنر اپ ٹیم سپر 12 مرحلے میں گروپ ون میں شامل ہو جائے گی، جبکہ گروپ ’بی‘ کی فاتح ٹیم اور گروپ ’اے‘ میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم گروپ 2 میں جائیں گی۔سپر 12 راؤنڈ:گروپ 1 میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور افغانستان کو ایک ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ گروپ 2 میں بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔سپر 12 راؤنڈ کا آغاز سڈنی میں 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دونوں فائنلسٹ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان 22 اکتوبر کو ہونے والے مقابلے سے ہوگا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 23 اکتوبر کو میلبورن میں سپر 12 مرحلے کے دوسرے دن کھیلا جائے گا۔سپر 12 مرحلہ پندرہ روز تک جاری رہے گا، دونوں گروپوں کے تمام میچز 5 اور 6 نومبر کی شپ اپنے اختتام کو پہنچیں گے۔اہم ترین میچز:ٹورنامنٹ کے دلچسپ ترین مقابلوں میں سے ایک پاکستان اور بھارت کے درمیان 23 اکتوبر کو میلبورن میں سپر 12 مرحلے کے دوسرے دن کھیلا جائے گا۔پاکستان نے گزشتہ سال روایت توڑتے ہوئے دبئی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف اپنی پہلی جیت حاصل کی تھی۔پاکستان کے دیگر میچز 27 اکتوبر، 30 اکتوبر، 3 نومبر اور 6 نومبر کو شیڈول ہیں۔3 نومبر کو پاکستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا جبکہ سپر 12 مرحلے کے آخری روز یعنی 6 نومبر کو پاکستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔ٹورنامنٹ کے پہلے ہفتے کے اختتام پر آسٹریلیا بمقابلہ نیوزی لینڈ اور پاکستان بمقابلہ بھارت کے میچوں کے علاوہ سپر 12 مرحلے میں دیگر کئی اہم میچز بھی نمایاں ہوں گے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے سیمی فائنل میں ٹکرانے والے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ اب یکم نومبر کو آمنے سامنے ہوں گے جو دونوں ٹیموں کا آخری گروپ میچ ہوگا۔ناک آؤٹ مرحلہ:سڈنی کرکٹ اسٹیڈیم 9 نومبر کو پہلے سیمی فائنل کی میزبانی کرے گا، دوسرا سیمی فائنل اگلے دن ایڈیلیڈ اوول گراؤنڈ میں ہوگا۔آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کا فائنل 13 نومبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔آسٹریلیا کو 2020 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی تھی لیکن اس میں کورونا کی وجہ سے دو سال کی تاخیر ہوئی جب کہ 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت کے حصے میں آئی تھی، تاہم اس ٹورنامنٹ کو کورونا کی وجہ سے دبئی منتقل کرنا پڑا تھا۔