نئی دہلی//کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے چینی فوج کے ذریعہ اروناچل پردیش میں ایک نوجوان کے اغوا پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی سنگین قرار دیا ہے۔مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کیا، یوم جمہوریہ سے کچھ دن پہلے، ہندوستان کے ایک بھاگیہ ودھاتا کاچین نے اغوا کیا ہے۔ ہم میرام تارون کے خاندان کے ساتھ ہیں اور امید نہیں چھوڑیں گے، ہمت نہیں ہاریں گے۔ وزیر اعظم کی بزدل خاموشی ہی ان کا بیان ہے- انہیں فرق نہیں پڑتا۔اس سے قبل کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا، محترم مودی جی، چینی فوج کو ہماری سرزمین پر دوبارہ دراندازی کرنے کی جرات کیسے ہوئی؟ چین کی یہ ہمت کیسے ہوئی کہ وہ ایک شہری کو اغوا کرکے لے گئے۔ ہماری حکومت خاموش کیوں ہے، آپ اپنے ایم پی کی اپیل کیوں نہیں سن رہے ہیں، اب یہ مت کہیے گا -نہ کوئی آیا، نہ کسی کو اٹھایا۔قابل ذکر ہے کہ اروناچل پردیش سے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ تاپر گاؤ نے دعویٰ کیا ہے کہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی-پی ایل اے نے ریاست میں بھارتی علاقے کے اپر سیانگ ضلع سے 17 سالہ میرام ترون کااغواکرلیا ہے۔