سری نگر// وادی کشمیر میں ہلکے درجے کے برف وباراں کے بیچ محکمہ موسمیات نے برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق مغربی ہواؤں کے داخل ہونے سے وادی کشمیر میں 22 اور23 جنوری کو ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری اور بارش متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ 24 جنوری سے موسم میں بہتری واقع ہونا شروع ہوگی اور پھر ماہ رواں کے آخر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ادھر مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جو گذشتہ شب 2.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سری نگر میں 18 دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشپور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 8 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں 4 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔