جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج یہاں راج بھون میں چودامنی سنسکرت سنستھان بسوہلی ، کٹھوعہ کے ذریعہ شایع کردہ ’’ پراکرتک ، ویدک اور جیویک کھیتی ۔ گرامین اُدھیامتا کا نیا سوروپ ‘‘ نامی کتاب کا اجراء کیا ۔ سکاسٹ جموں ، مرکزی سنسکرت یونیورسٹی ، شری رنبیر کیمپس جموں اور شری کیلکھ جیوتش اینڈ ویدک سنستھان ٹرسٹ چودامنی سنسکرت سنستھان وشواستھلی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے سالانہ تہوار اور یومِ تاسیس کی تقریبات کے کامیاب انعقاد کے بعد کتاب کو یاد گار کے طور پر جاری کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ چودامنی سنسکرت سنستھان جموں و کشمیر میں سنسکرت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اداروں کے ذریعے ہی سنسکرت ورثہ ، ہماری ثقافت ، روایات زندہ ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ اس تحقیق پر مبنی یادگار میں ملک بھر سے سنسکرت اور زرعی سائینس کے اسکالرز اور نوجوان محققین نے اپنے تحقیقی مقالے لکھے ہیں ، جو ویدک کاشتکاری کے بارے میں لوگوں میں بیداری میں اضافہ کریں گے ۔ لفٹینٹ گورنر نے پبلشنگ ٹیم کو مبارکباد دی اور چودامنی سنسکرت سنستھان کے پرنسپل ، طلباء اور اچاریوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر وائس چانسلر سکاسٹ جموں پروفیسر جے پی شرما ، ڈائریکٹر سنٹرل سنسکرت یونیورسٹی جموں پروفیست مدن موہن جھا ، صدر شری کیلکھ جیوتش اینڈ ویدک سنستھان ٹرسٹ مہنت روہت شاستری ، اچاریہ مہندر اپادھیائے ، اچاریہ ابھیشیک کمار اپادھیائے اور ایس نتن ڈوبالیا موجود تھے ۔