جموں//پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار و بہبود کساناں نوین کمار چودھری نے آج جموں وکشمیر میں پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا( پی ایم ایف بی وائی) کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ ڈائریکٹر فائنانس اے پی اینڈ ایف ڈبلیو ڈی ، ڈائریکٹر پلاننگ اے پی اینڈ ایف ڈبلیو ڈی ، ڈائریکٹر زراعت کشمیر جو جموںوکشمیر میں مشن ڈائریکٹر پی ایم ایف بی وائی بھی ہیں ، ڈائریکٹر زراعت جموں جو جموںوکشمیر پی ایم ایف بی وائی کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر بھی ہیں،نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ میں سکیم کے تحت سال 2020-21 ء کے دوران پی ایم ایف بی وائی کے تحت جموںوکشمیر یوٹی شیئر جاری کرنے سے متعلق اَمور پر تبادلہ خیال ہوا۔پرنسپل سیکرٹری زرعی پیداوار و بہبود کساناں نوین کمارچودھری نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر جموںوکشمیر یوٹی شیئر جاری کریں تاکہ فصل اِنشورنس کے تمام معاملات کا بروقت تصفیہ یقینی بنایا جاسکے۔ نوین چودھری نے سکیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اِس سکیم کا مقصد کسانوں کو اِن کی فصل بیمہ کروا کر معاشی تحفظ کو یقینی بنانا ہے تاکہ وہ فصلوں کی خرابی یا قدرتی آفات کی وجہ سے ان کی فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کے نتیجے میں پیدا ہونے والے نقصانات کا مقابلہ کر سکیں۔اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ تمام آپریشنل رہنما خطوط اور طریقۂ کار پر عمل کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان اِس فلیگ شپ سکیم سے مستفید ہوسکیں۔میٹنگ میں صوبہ جموں اور صوبہ کشمیر کے کچھ علاقوں میں ربیع کے موجودہ فصل کی سیزن کے نفاذ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔