جموں//ڈی ڈی سی چیئرپرسن گاندربل نزہت اِشفاق کی قیادت میں ایک وفد جس میں گاندربل کے پی آر آئی کے نمائندے شامل تھے ، نے آج راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔اِس موقعہ پرکمشنر سیکرٹری دیہی ترقی اور پنچایتی راج مندیپ کور موجود تھیں۔دورانِ میٹنگ وَفد کے اَرکان نے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ ضلع کی ترقی اور لوگوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے سڑکوں کے رابطے ، صحت ، بجلی اور پینے کے پانی کی سہولیات ، چھترگل ،گنیوَن، سونہ مرگ کے لئے فائر اینڈ ایمرجنسی سب سٹیشن کی منظوری ،سکولوں کی اَپ گریڈیشن ، ضلع گاندربل میں دیگر ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے ، سیاحتی اِمکانات کو تلاش کرنے اور صحت شعبے کو مضبوط کرنے کی بہتری کے حوالے سے مطالبات اور مسائل پر مشتمل ایک میمورنڈم پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وَفد کے اَرکان کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی حکومت عوام کی اُمنگوں اور ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ یوٹی اِنتظامیہ جموںوکشمیر یوٹی کے تمام حصوں اور خطوں کی مجموعی اور مساوی ترقی کے لئے کئی محاذوں پر کام کر رہی ہے۔ اُنہوں نے اُنہیں یقین دِلایا کہ اُن کے تمام جائز مطالبات کو جلد اَز جلد ازالے کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھائے جائیں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کمشنر سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ ڈی ڈی سی چیئرپرسن اور پی آر آئی نمائندوں کو ان کے کردار اور ذمہ داریوں کو آسانی اور مؤثر طریقے سے اَداکرنے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کریں۔اِس موقعہ پر سابق قانون ساز اِشفاق جبار، ڈی ڈی سی ممبر سجاد درانی ، چیئرمین بی ڈی سی کنگن شیخ محمد یوسف پاسوال، صدر سرپنچ ایسوسی ایشن ضلع گاندربل نذیر احمد رینہ کے علاوہ پی آر آئی کے دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔