سرینگر//وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے جموں کشمیر کے علاوہ اُن ریاستوں کے نمائندوں کے ساتھ بجٹ سیشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جن ریاستوںمیں بی جے پی کی حکومت ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق بجٹ سیشن سے قبل نرملا سیتا رمن نے اُن ریاستوں کے نمائندوں کے ساتھ بجٹ کے حوالے سے بات کی جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے اس کے علاوہ جموں کشمیر کا بھی نمائندہ اس اجلاس میں شامل تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کَل بی جے پی کی ریاستی پارٹی کے نمائندوں کے ساتھ بجٹ سے پہلے کا مشورہ کیا۔ بی جے پی کے قومی ترجمان گوپال کرشن اگروال نے بتایا کہ اِس مشورے میں 25 ریاستوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اِن نمائندوں کا تعلق صنعتوں، پیشہ ور افراد، کاروباری برادری، ماہرین تعلیم، ماہرین معاشیات، قبائلی کمیونٹی اور پسماندہ طبقہ کے علاوہ خواتین سے تھا۔بتایا جاتا ہے کہ بجٹ سیشن کے دوران ان ریاستوں کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے جہاں پر بی جے پی کی حکومت ہے جبکہ بجٹ سیشن کے دوران جموں کشمیر کیلئے بھی خصوصی پیکیج کا اعلان متوقع ہے ۔ جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے گزشتہ ماہ نئی دلی میں وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے ساتھ ملاقات کے دوران انہیںجموںکشمیر کیلئے خصوصی مالی پیکیج مختص رکھنے کا مطالبہ کیاتھا۔