. سری نگر//جموں و کشمیر میں کویڈ-19 کے کیسوں میں تشویشناک اضافے پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقہ وادی کشمیر عالمگیر وبا کورونا وائرس کے خلاف لڑنے کے لئے تیار ہے اور لوگوں کو ہر ممکن طبی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں تاہم انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووڈ پروٹوکول پر عمل کریں، ویکسین لگائیں،ماسک کا استعمال کریں جبکہ غیر ضروری طور اجتماعات میں نہ جائے۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد نے کہا ’کہ ہم اس وبائی مرض سے لڑنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ہم نے ہر سطح کی تیاری کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس بیڈ ، آکسیجن اور ادویات دستیاب ہیں اور لوگوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کے لئے طبی اداروں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط اور مستحکم کیا ہے تاہم انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کویڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل کریں اور فی الحال بھیڑ میں جانے سے گریز کریں اور اگر باہر جانا ہی ہے تو سرکار اور ماہرین کی جانب سے وضع کردہ ایس او پیز پر عمل کریں۔ڈائریکٹر ہیلتھ نے مزید کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں کویڈ کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اومیکرون کے مختلف قسم کے رپورٹ ہونے کے ساتھ ہی تمام غیر ویکسین شدہ لوگوں کو ہر صورت میں ویکسین لگانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے کررونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں جبکہ اومیکرون کے بھی مختلف کسیز کی بھی اطلاع آرہی ہے لہذا ہمیں رہنما خطوط پر عمل کرنا چاہیے اور جلد از جلد خود کو ویکسین کروانا چاہیے اور ساتھ ہی میں بچوں کو بھی ٹیکے لگوانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ 60 سال سے زیادہ عمر کے بزرگوں اور فرنٹ لائن ورکرز کے لیے ویکسین بوسٹر لگوانا بھی ضروری ہے اور ہمیں ہر سطح پر احتیاطی تدابیر سے کام لیں ۔