سری نگر// جموں وکشمیر پولیس نے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں دو جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرکے اُن کی تحویل سے قابل اعتراض مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 42 آر آر ، سی آر پی ایف اور اونتی پورہ پولیس نے ممنوع تنظیم جیش سے وابستہ دو ملی ٹینٹ معاونین کو گرفتار کیا ہے۔انہوں نے گرفتار اعانت کاروں کی شناخت زاہد احمد لون ولد غلام رسول ساکن نارستان ترال اور شکیل احمد ملک عرف ابو دجانا ولد غلام محمد ساکن نور پورہ اونتی پورہ کے بطور کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ گرفتا ر شدہ اعانت کار ضلع میں سرگرم جنگجووں کو منطقی مدد فراہم کر رہے تھے۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ اعانت کار پاکستان میں بیٹھے جیش کمانڈروں کے ساتھ سوشل میڈیا کی مختلف سائٹوں پر مسلسل رابطے میں تھے اور وہ جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے۔پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔