سری نگر// جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے صراف کدل علاقے میں مشتبہ جنگجووں نے اتوار کی شام کو سی آر پی ایف پر گرنیڈ داغا جو نشانہ چوک جانے کے نتیجے میں شاہراہ پر زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ’اتوار کی شام کو مشتبہ ملی ٹینٹوں نے پائین شہر کے صراف کدل علاقے میں قائم 23 بٹالین سی آر پی ایف کیمپ پر گرنیڈ سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا‘۔انہوں نے کہاکہ زخمیوں کی شناخت سلیکشن گریڈ کانسٹیبل معراج احمد اور 27 سالہ نوجوان سرتاج احمد بٹ ولد مشتاق احمد بٹ ساکن صراف کدل کے بطور ہوئی ہے۔صدر ہسپتال میں تعینات ایک سینئر ڈاکٹر نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ اتوار کی شام کو دو زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا جن کے سینے اور ٹانگوں میں گرنیڈ کے آہنی ریزے پیوست تھے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں کا ہسپتال میں علاج ومعالجہ جاری ہے اور اُن کی حالت قدرے بہتر ہے۔دریں اثنا گرنیڈ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے صراف کدل اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔