سری نگر// جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ کیسز لگاتار بڑھ رہے ہیں، جمعرات کے روز 1966افراد کی رپورٹ مثبت آئی جبکہ 5 مریض فوت ہوئے ہیں۔سرکاری ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران 1966افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ۔انہوں نے عداد وشمار ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ سری نگر میں جمعرات کے روز 416افراد کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے ، بارہ مولہ میں 311، بڈگام میں 159، پلوامہ میں بارہ، کپواڑہ میں 26، اننت ناگ میں 39، بانڈی پورہ میں 53، گاندر بل میں سات ، کولگام میں 52 اور شوپیاں میں دو افراد کی رپورٹ پازٹیو آئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جموں ضلع میں 434افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی، اُدھم پور میں 136، راجوری میں 55، ڈوڈہ میں 21، کٹھوعہ میں 49، سانبہ میں 36، کشتواڑ میں 19پونچھ میں 26، رام بن میں چھ اور ریاسی میں 107افراد کی رپورٹ جمعرات کے روز مثبت آئی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران 271مریضوں کو صحت یابی کے بعد ہسپتالوں سے رخصت کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں فی الوقت 7ہزار 936 ایکٹیو کیسز ہیں جن میں صوبہ جوں میں چار ہزار 82اور کشمیر میں 3ہزار 850 شامل ہیں۔دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کے یومیہ معاملات میں روز افزاں اضافے کے بعد جموں وکشمیر انتظامیہ نے ماہرین کے ساتھ اس صورتحال سے نمٹنے کی خاطر صلاح مشورہ شروع کیا ہے۔ذرائع کے مطابق چونکہ جموں وکشمیر کے لگ بھگ ہر علاقے میں کورونا کے پازٹیو کیسز ہیں جس کے پیش نظر انتظامیہ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاون کے نفاذ پر غور کر رہی ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ جموں وکشمیر کے سینئر ڈاکٹرز نے انتظامیہ کو مشورہ دیا ہے کہ کورونا رہنما خطوط پر عملدآمد ناگزیر ہے لہذا اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کیاجانا چاہئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے سبھی اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو آگاہی فراہم کی ہے کہ ایس او پیز پر عملدآمد نہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جا سکے۔