سرینگر// پاری ون کولگام میں جنگجوئوں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے بدھ کی شام کو کولگام کے پاری ون گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوںنے کہاکہ جونہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ رہائشی مکان کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کی جس دوران دوبدو گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ہے۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔ یو پی آئی نے اس ضمن میں جب پولیس کے ایک آفیسر کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوںنے بتایا کہ پاری ون کولگام میں جنگجووں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ انہوںنے کہاکہ علاقے میں آپریشن جاری ہے اور ابھی تک کسی بھی ملی ٹینٹ کی لاش برآمد نہیں کی جاسکی ہے۔