جموں//لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایات پر سرحد ی علاقے کے بے روزگار نوجوانوں تک جموںوکشمیر کھادی اینڈ وِلیج اِنڈسٹریز بورڈ کی روزگار سکیموں کوپہنچانے کے لئے وائس چیئرپرسن جموںوکشمیر کھادی اینڈ وِلیج اِنڈسٹریز بورڈ( جے کے کے وِی آئی بی )ڈاکٹر حناشفیع بٹ نے آج سچیت گڈھ آر ایس پورہ جموں میں بیداری پروگرام شروع کئے۔بیداری پروگرام کے دوران دیگر لوگوں میں چیئرمین بلاک ڈیولپمنٹ کونسل ، سرپنچ ، پنچ اور بورڈ کے اَفسران موجود تھے۔ اِس موقعہ پر ایک بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن نے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں بالخصوص خواتین کو یقین دِلایا کہ اُنہیں جموںوکشمیر کے سرحدی علاقوں میں معاشی محرومیوں کو دُور کرنے کے لئے ہر قسم کی مدد فراہم کی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ بورڈ نے جموںوکشمیر یوٹی کے سرحدی علاقوں کے لوگوں میں بے روزگار ی کو ختم کرنے کا عہد لیا ہے۔یہ پروگرام جموںوکشمیر یوٹی کے کئی دوسرے سرحدی علاقوں میں زائد اَز دو ماہ جاری رہیں گے تاکہ یہاں کے لوگوں کو جموںوکشمیر کھادی اینڈ وِلیج اِنڈسٹریز بورڈ کی مختلف خود روزگار سکیموں کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ اِن سرحدی علاقوں میں جلد ہی سکل ڈیولپمنٹ پروگرام بھی شروع کئے جائیں گے تاکہ مختلف تجارتوں کے تحت وہاں کے لوگوں کی ہنر کو بڑھایا جاسکے جس کے لئے جے کے کے وِی آئی بی کی طرف سے مالی مدد فراہم کی جائے گی۔