کپواڑہ// جموںوکشمیر یوٹی میں کووِڈ کے مثبت معاملات میں دوبارہ اضافے کے پیش نظر ضلع اِنتظامیہ کپواڑہ نے آج یہاں انوائرمنٹ ہال ہندواڑہ میں کووِڈ سے نمٹنے کی کوششوں کا جائزہ لینے کے لئے اَفسران ، ائمہ مسجد ، مذہبی رہنمائوں ، پی آرآئیز اور دیگر متعلقہ اَفراد کی ایک مشترکہ میٹنگ طلب کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ امام الدین نے میٹنگ کی صدارت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ میٹنگ کا مقصد مذہبی رہنمائوں کے ذریعے عوام میں کووِڈ مناسب طرز عمل ( سی اے بی ) کے بارے میں پیغام دینا ہے تاکہ لوگوں کوایسے مہلک وائرس سے بچایا جاسکے۔اُنہوں نے ائمہ مساجد اور مذہبی رہنمائوںکو لوگوں میں کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے پی آر آئیز پر بھی زور دیا کہ وہ اَپنا اثر و رسوخ اِستعمال کریں تاکہ لوگ مذہبی طورپر سی اے بی پر عمل کریں۔دیگر مقررین بشمول ڈی ڈی سی ممبر راجوار سلیمان میر ، اَفسران اور علماء کرام نے کووِڈ معاملات کی بحالی کے پیش نظر ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔بعد میں اِس موقعہ پر کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) کے حوالے سے پمفلٹ تقسیم کئے گئے۔