سری نگر//جموں وکشمیر میں کورونا کے نئے ویرنٹ اومیکرون کے 8 مثبت معاملات رپورٹ ہوئے ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بارہ مولہ کے اوڑی علاقے میں حاملہ خاتون کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں تین غیر مقامی افراد اور جموں صوبے میں چار مثبت کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چند روز قبل اوڑی کی خاتون کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اس کے سیمپل مزید جانچ کی خاطر دہلی لیبارٹری روانہ کئے گئے۔ان کے مطابق منگل کے روز مذکورہ خاتون کی رپورٹ موصول ہوئی جس میں یہ پایا گیا کہ خاتون اومیکرون ویرنٹ کا شکار ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ خاتون کے سیمپل 20 دسمبر 2021 کے روز جانچ کی خاطر لیبارٹری روانہ کئے گئے اور منگل کے روز اس کی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔ان کے مطابق اومیکرون ویرنٹ میں مبتلا خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کو اس کے گھر بھیج دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ خاتون کے رابطے میں جتنے بھی لوگ آئے ہیں ان سب کے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کرانے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خاتون کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ اس علاقے میں رہائش پذیر سبھی لوگوں کے ٹیسٹ کئے جائیں گے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چونکہ اومیکرون ویرنٹ بہت تیزی کے ساتھ پھیلتا ہے لہذا اس کو مد نظر رکھتے ہوئے اس علاقے کے لوگوں کو گھروں میں ہی رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ خاتون کے سبھی اہل خانہ کو فوری قرنطینہ کیا گیا ہے جبکہ آس پڑوس میں رہنے والے سبھی افراد پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں اور ان سب کے ٹیسٹ کرانے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ حاملہ خاتون کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ رشتہ داروں پر بھی نظر گزر رکھنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جاسکے۔باوثوق ذرائع نے بتایا کہ جموں میں اومیکرون ویرنٹ کے جو چار کیسزرپورٹ ہوئے ہیں اْن میں سے چھانی ہمت میں دو، کنال روڑ میں ایک اور جموں میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔کشمیر صوبے میں ایک اوڑی اور تین غیر مقامی ہے جن میں سے دو مہاراشٹریہ اور دو گجرات سے تعلق رکھتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تین غیر مقامی افراد کو گھر روانہ کیا گیا ہے۔ یہاں یہ بات توجہ طلب ہے کہ مذکورہ افراد کے سیمپل دسمبر کے مہینے میں تشخیص کی خاطر دہلی لیبارٹری روانہ کئے گئے تھے اور لگ بھگ دو ہفتوں کے بعد اْن کی امیکرون رپورٹ مثبت آئی جس وجہ سے لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔