سری نگر//کورونا کیسز میں درج ہو رہے اچانک اور تیز اضافے کے پیش نظر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ کے حکام نے بھی فیکلٹی کی سرمائی تعطیلات منسوخ کر دی ہیں۔بتادیں کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کی پرنسپل نے پیر کے روز ہی فیکلٹی کی سرمائی تعطیلات منسوخ کرنے کا حکمنامہ جاری کیا تھا۔ڈائریکٹر سکمز صورہ سری نگر ڈاکٹر پرویز احمد کول کی طرف سے منگل کے روز جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا کہ شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کی فیکلٹی کی سرمائی تعطیلات منسوخ کی جا رہی ہیں۔حکمنامے میں کہا گیا: ’کورونا اور اومی کرون کے کیسز درج ہونے کے پیش نظر سکمز صورہ سری نگر کی فیکلٹی کی سرمائی تعطیلات منسوخ کی جا رہی ہیں‘۔حکمنامے میں تمام فیکلٹی ممبران سے بغیر کسی تاخیر کے فوری طور ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایات دی گئیں۔قابل ذکر ہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی کورونا کے یومیہ کیسز میں انتہائی تیز اضافہ درج ہو رہا ہے۔یونین ٹریٹری انتظامیہ کورونا کی اس لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے مختلف اقدام کر رہی ہے۔جہاں لوگوں کی کورونا گائیڈ لائنز پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کے لئے مختلف النوع کارروائیاں کی جا رہی ہیں وہیں طبی و پیرا میڈیکل عملے کی چھٹیوں کو بھی منسوخ کیا گیا ہے۔