جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج ہیلتھ کیئریر، فرنٹ لائن کارکنوں اور زائد اَز 60 برس عمر کے اَفراد کے لئے اَحتیاطی خوراک کی ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کیا۔اَحتیاطی ٹیکہ کاری مہم جموںوکشمیریوٹی کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندھی نگر جموں سے شروع کی گئی ہے اور وہاں لیفٹیننٹ گورنر نے جے ایم سی کے میئر چندر موہن گپتا ،لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگراور ہیلتھ کیئر ورکروں کے ہمراہ ویکسین بھی لگائی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے تمام اَہل لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اَپنی احتیاطی ویکسین جلد سے جلد لگائیں۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے جموں صوبہ کے لئے 108 خدمات کی 34 ایڈوانسڈ لائف سپورٹ ایمبولینسوں کی بھی ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیاجنہیں عالمی بینک کی مالی معاونت سے جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ کے تحت خریدا گیا ہے۔جموںوکشمیر یوٹی حکومت کووِڈ۔19 پر صحت عامہ کو مضبوط بنانے کے لئے متعدد مداخلتیں کر رہی ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ایڈ وانسڈ لائف سپورٹ ایمبولینسیں عالمی وَبا سے نمٹنے میں کار آمد ثابت ہوں گی۔صحت کے سینئر اَفسران نے لیفٹیننٹ گورنر کو جانکاری دی کہ ہدایات کے مطابق واک اِن اور بذریعہ پری رجسٹریشن موڈ اہل آبادی کو اَحتیاطی خوراک دینے کے لئے تمام ضروری اِنتظامات کئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ 25؍ دسمبر 2021ء کو وزیر اعظم نریندر مودی نے ہیلتھ کیئر اور فرنٹ لائن ورکروں اور زائد اَز 60 برس عمر کے لوگوں کے لئے حفاظتی ٹیکے لگانے کا اعلان کیا تھاجن کو بیمار ی ہے۔ 15 برس سے 18 برس عمر تک کے گروپ کے لئے ٹیکہ کاری مہم جو اِس برس 3؍ جنوری کو شروع کی گئی تھی ،جموںوکشمیر یوٹی میں آسانی سے جاری ہے۔ اِس موقعہ پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ صحت و طبی تعلیم ووِیک بھارد واج ، صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لنگر ، مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم چودھری محمد یاسین ، ڈائریکٹر جنرل خاندانی بہبود ، ایم سی ایچ اور امیونائزیشن ڈاکٹر سلیم الرحمان، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں انشل گرگ، پرنسپل اور ڈین جی ایم سی ڈاکٹر ششی سدھن شرما اور اے ایچز صحت کے سینئر اَفسران موجود تھے۔