جموں// جموں صوبے میں کورونا کے یومیہ کیسز میں لگاتار اضافے کے بیچ سینٹرل یونیورسٹی جموں سمیت 9علاقوں کو بندش والے زون قرار دیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سانبہ میں 6 اور جموں میں 3 علاقوں کو بندش والے زون قرار دے کر وہاں پر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔اُن کے مطابق متاثرہ علاقوں میں سو فیصد ٹیسٹنگ کی خاطر احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ محکمہ ہیلتھ کے ساتھ ساتھ پولیس ٹیموں کو بھی ان علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں ڈویژنل انتظامیہ جموں نے ایک حکم نامہ جاری کیا جس کے تحت مائیکرو کنٹونمنٹ زون کے تحت آنے والے علاقوں میں رہائش پذیر سبھی شہریوں کی ٹیسٹنگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔حکم نامہ کے مطابق سو فیصد ٹیسٹنگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے لہذا ٹیسٹ نہ کرانے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ٹیسٹنگ کے ساتھ ساتھ لوگوں کے چلنے پھرنے پر مکمل پابندی عائد رہے گی اور جوکوئی بھی خلاف ورزی کرنے کا مرتکب قرار پائے گا اُس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ معاملات ہر روز بڑھ رہے ہیں جس کے پیش نظر انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی ہے۔