سری نگر//جموں وکشمیر میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز لگاتار بڑھ رہے ہیں ہفتے کے روز 655 افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے جبکہ اس دوران تین مریض فوت بھی ہوئے ہیں۔سرکاری ترجمان نے بتایا کہ ہفتے کے روز جموں وکشمیر میں 655 افراد کی رپورٹ مثبت آئی جن میں سے 392 جموں ڈویڑن اور 263 کشمیر صوبے سے آئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین مریض بھی فوت ہوئے ہیں۔انہوں نے اعداد وشمار ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ سری نگر میں ہفتے کے روز 133افراد کی رپورٹ پازٹیو آئی، بارہ مولہ میں41، بڈگام میں 46، پلوامہ میں سات ، کپواڑہ میں آٹھ ، اننت ناگ میں نو ، بانڈی پورہ میں گیارہ ، گاندربل میں چار اور کولگام میں چار افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔جموں ضلع میں 263 افراد کی رپورٹ ہفتے کے روز مثبت آئی ، اْدھم پور میں 17، راجوری میں 14، ڈوڈہ میں دس، کٹھوعہ میں 26سانبہ میں 12، کشتواڑ میں تین پونچھ میں 31، رام بن میں ایک اور ریاسی میں 15افراد کی کورونا رپورٹ پازٹیو آئی ہے۔جموں وکشمیر میں پچھلے تین دنوں کے دوران کورونا کے یومیہ معاملات میں ایک سو گنا اضافہ ہوا ہے جس وجہ سے لوگوں میں فکر و تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔دریں اثنا معروف معالجہ ڈاکٹرگلزارنے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں اس وقت کورونا کے یومیہ کیسز بڑھ رہے جس کے پیش نظر وادی کشمیر کے لوگوں کو بھی ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل کرنی چاہئے۔اْن کے مطابق وائرس سے بچنے کا واحد راستہ ماسک ہے لہذا اس پر عمل کرنا سب کے لئے لازمی بن گیا ہے۔دریں اثنا ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ وادی کشمیر بالعموم اور سری نگر میں بالخصوص ماسک نہ پہننے والوں پر جرمانہ عائد ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ ڈپٹی کمشنر سری نگر کی ہدایت پر ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جنہیں شہر کے مختلف علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے ۔