سری نگر//جموں وکشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ کے بڈ نمبل گاوں میں بھاری برف باری سے شاہرائیں بند ہونے کے باعث اہل خانہ نے درد زہ میں مبتلا خاتون کو چارپائی پر اُٹھا کر ہسپتال پہنچایا۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ کپواڑہ کے دور اُفتادہ گاوں بڈ نمبل میں ہفتے کے روز بھاری برف باری کے باعث رابط سڑکیں برف سے ڈھک گئیں جس وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور میں دقتیں پیش آرہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہفتے کی صبح کو بڈ نمل علاقے سے درد زہ میں مبتلا خاتون کو چار پائی پر اُٹھا کر ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔حاملہ خاتون کے شوہر عبدالجبار نے بتایا کہ بھاری برف باری کے نتیجے میں شاہرائیں مکمل طورپر بند پڑی ہوئی ہے جس کے بعد خاتون کو پہلے چارپائی اورا ُس کے بعد گھوڑے پر بٹھا کر ہسپتال پہنچایا گیا۔اُن کے مطابق شاہراہ پر بھاری برف جمع ہونے کے باعث ایمبولنس دور اُفتادہ علاقے تک نہیں پہنچ پائی جس کے بعد اہلیہ کو ہسپتال تک لیجانے کی خاطر چارپائی کا سہارا لیناپڑا۔عبدالجبار نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ دور اُفتادہ علاقوں کی شاہراؤں پر جمع برف کو فوری طور پر صاف کیا جائے تاکہ بیماروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرناپڑے۔