سری نگر// نیشنل کانفرنس نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے تازہ برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کی اپیل کی ہے۔پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ (رکن پارلیمان) نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ برفباری کے نتیجے میں منقطع ہوئے علاقوں اور دیہات کے ساتھ سڑک روابط بحال کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کریں۔انہوں نے دونوں صوبوں کے صوبائی کمشنروں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں سے تاکید کی کہ وہ ذاتی طور پر عوام کی راحت رسانی کے اقدامات کی نگرانی کریں اور سرحدی علاقوں میں متعلقہ انتظامیہ اور فیلڈ سٹاف کو متحرک کریں۔انہوں نے کہا کہ سڑک رابطوں کی بحالی کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے کیونکہ سڑکوں رابطوں کے منقطع ہونے سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔اُن کے مطابق سڑک رابطوں کی بحالی نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو ہسپتال پہنچانے کیلئے کئی کئی کلومیٹر پیدل چلنا پڑ رہا ہے۔بہت سارے علاقے ایسے ہیں جو برفباری سے مکمل طور پر کٹے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جہاں بجلی اور پانی کی بحالی کیلئے فیلڈ سٹاف کا پہنچنا مشکل ہوگیاہے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے صوبائی انتظامیہ پر زور دیا کہ بروقت سڑک رابطوں کی بحالی کیساتھ ساتھ جنگی بنیادوں ایسے علاقوں میں بجلی کی مکمل سپلائی بحال کی جانی چاہئے جہاں برفباری سے ترسیلی لائینوں کو نقصان پہنچا ہے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہسپتالوں میں ضروری ساز و سامان ادویات کے علاوہ ڈاکٹروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کی عدم دستیابی سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔انہوں نے کہا کہ کرناہ، مژھل، ٹنگڈار، گریز، سنتھن، کپرن ، شوپیان، پہلگام ، مروہ ، مڑون ،دھچن، جمہ گنڈ،سنگرونی پلوامہ ،بانہال ، پونچھ اور پیرپنچال کے دور دراز علاقوں کے علاوہ میں جنگی بنیادوں پر برف ہٹائی جائے کیونکہ ان علاقوں میں رہ رہے لوگوں کو آمد و رفت نہ ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے گورنر انتظامیہ پر زور دیا کہ ایسے علاقوں کیلئے ہیلی کاپٹر سروس میسر رکھی جائے جو وادی سے کٹ کر رہ گئے ہیں تاکہ ان علاقوں لوگ ایمرجنسی کی صورت میں اس سہولیات سے فائدہ اُٹھا سکیں۔