جموں// جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں الگ الگ واقعات میں سیکورٹی فورسز نے دو جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔دفاعی ذرائع نے جمعے کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ مصدقہ انٹلی جنس ان پٹس پر کارروائی کرتے ہوئے فوج اور پولیس نے ڈوڈہ سے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا جو اس وقت بھدرواہ جیل میں عدالتی حراست میں ہے۔انہوں نے گرفتار شدہ کی شناخت فرید احمد نائیک ساکن ڈوڈہ کے بطور کی ہے۔مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ فرید احمد کوٹ بلوال جیل جموں میں بند کچھ جنگجوؤں کے ساتھ رابطے میں تھا جو ورچول نمبرس استعمال کرکے وٹس اپ کے ذریعے آپس میں بات چیت کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ دوسرے ایک واقعے میں ایک اور جنگجو اعانت کار کو گرفتار کیا گیا جس کی شناخت غلام حسین ساکن گنڈنہ ڈوڈہ کے بطور ہوئی ہے۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ غلام حسین کو پاکستان نشین جنگجو ہینڈلرس کے ساتھ رابطہ ہونے کے پاداش میں گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ اعانت کار جنگجوؤں کو منطقی سپورٹ فراہم کرنے کے علاوہ پاکستان کی دوبئی کے راستے سے آنے والی کرنسی کو حاصل کرتا تھا۔