سری نگر//وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ کو جمعے کے روز دو دن بعد ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بحال کردیا گیا۔بتادیں کہ قومی شاہراہ کو خراب موسمی حالات کے باعث کئی مقامات پر چٹانیں کھسک آنے کے بعد بدھ کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا تھا۔ادھر وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ مسلسل بند ہیں۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ چٹانوں کے ملبے کو صاف کرنے کے بعد قومی شاہراہ پر چھوٹی گاڑیوں کی نقل و حمل کو دونوں طرف سے بحال کر دیا گیا جبکہ بڑی گاڑی کو یک طرفہ چلنے کی اجازت ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو دنوں کے دوران قومی شاہراہ مختلف مقامات پر زائد از تین ہزار گاڑیاں درماندہ ہوئی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ رام بن میں جو لوگ درماندہ ہوئے تھے انتظامیہ نے ان کے قیام و طعام کا انتظام کیا۔موصوف نے کہا کہ جمعے کے روز کشمیر سے ایک ہزار ٹرکوں کو جموں روانہ ہونے کی اجازت دی گئی۔انہوں نے کہا کہ جن ٹرکوں میں پٹرولیم وغیرہ جیسی اشیا تھیں انہیں بھی چلنے کی اجازت دی گئی۔ان کا کہنا تھا رام بن میں کیفٹریا موڑ پر جمعے کو شاہراہ ایک بار پھر بند ہوگئی تھی لیکن اس کو جلدی صاف کرکے بحال کر دیا گیا۔