جموں//لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے آج طبی حکام پر زور دیا کہ وہ اومیکرون کے خطرے کے درمیان کووڈ 19 کی تیسری لہر کو احتیاط سے قابو کرنے کیلئے تمام اقدامات کو تیز کریں ۔ یہ ہدایات مشیر نے جموں و کشمیر یو ٹی میں کووڈ 19 کے انتظام کے مسئلے پر بات کرنے کیلئے بلائی گئی میٹنگ میں دیں ۔ میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ایچ اینڈ ایم ای وویک بھردواج ، ڈائریکٹر جنرل فیملی ویلفئیر اینڈ ڈائریکٹر ہیلتھ جموں ڈاکٹر سلیم الرحمان ، ایم ڈی جے کے ایم ایس سی ایل ڈاکٹر یشپال شرما اور محکمہ صحت کے دیگر افسران نے شرکت کی ۔ ایم ڈی این ایچ ایم چوہدری یاسین ، ڈائریکٹر ہیلتھ کشمیر مشتاق احمد اور کشمیر میں مقیم دیگر افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔ مشیر نے دونوں ڈائریکٹرز پر زور دیا کہ وہ ماضی کے تجربے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تمام خامیوں کو دور کریں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ متاثرہ افراد تک ان کی دہلیز پر پہنچنے کیلئے ایک ایسانظام بنائیں جس کو مدد یا طبی امداد کی ضرورت ہو ۔ بٹھناگر نے افسروں کو طبی اور پیرا میڈیکل پلان کی تعیناتی بغیر کسی صحت مرکز کو اہم نگہداشت کے عملے سے چھیننے کے منصوبے پر دوبارہ کام کرنے کی تاکید کی ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ہسپتالوں کی استعداد کار میں اضافہ کریں ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ ضلعی اسپتالوں کو وہاں کووڈ مریضوں کی معیاری دیکھ بھال کیلئے ضروری سامان سے پوری طرح لیس کریں تا کہ ٹرسٹیری کئیر اسپتالوں پر زیادہ بوجھ نہ پڑے ۔ مشیر نے ان سے کہا کہ وہ ہر سطح پر ذمہ داری کو فروغ دینے کیلئے ایک مناسب داخلہ اور ریفرل پالیسی وضع کریں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ احتساب کو اپنے کام کی پہچان بنائیں تا کہ مطلوبہ معیار کی طبی دیکھ بھال کی جا سکے ۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ سخت سردی کے موسم میں کسی مریض کو غیر ضروری سفر کا بوجھ نہ اٹھانا پڑے ۔ انہوں نے کال سینٹرزکو مکمل طور پر آراستہ بنانے پر زور دیا اور اس کے ساتھ ساتھ ضرورت مندوں کو ٹیلی کنسلٹیشن فراہم کرنے پر زور دیا ۔مشیر نے ڈائریکٹرز کو وزارت صحت اور آئی سی ایم آر کی طرف سے جاری کردہ ہوم آئسولیشن اور مریضوں کو دوائیاں دینے کے حوالے سے تمام اپ ڈیٹ شدہ پروٹوکول پر عمل کرنیپر توجہ دینی چاہئیے ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ طبی اثاثوں جیسے آکسیجن پلانٹس ، وینٹی لیٹرز اور دیگر آلات کی مسلسل دیکھ بھال اور نگرانی کریں تا کہ یہ تمام چیزیں اس کی ضرورت اور طبی مشورے کے مطابق استعمال کی جائیں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ ہر وارڈ میں کنٹرول روم کے نمبر ڈسپلے کریں تا کہ مریض کسی بھی مشورے یا شکایت کیلئے حکام تک پہنچ سکیں ۔ انہوں نے طبی حکام سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ علاج اور نگرانی کے پروٹوکول پر احتیاط سے عمل کیا جائے ۔انہوں نے عوام میں بیداری پیدا کرنے اور لوگوں کے خدشات کو دور کرنے کیلئے میڈیا کو بہترین رول ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ موبائیل ایپلی کیشنز بنا کر اور ڈیٹا کو رئیل ٹائم میں اپ ڈیٹ کر کے حقیقی وقت کی بنیاد پر مطلع کریں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ جعلی خبروں پر نظر رکھیں اور لوگوں کو ہر میڈیکل سنٹر میں دستیاب تمام سہولیات اور ادویات کے بارے میں آگاہ کریں ۔ مشیر نے ہسپتال وار آئی سی یو بیڈز /آکسیجن کنسنٹریٹرز کی دستیابی ، ڈسٹرکٹ /ہسپتال وار کریٹیکل کئیر ٹیموں کی تشکیل ،آکسیجن پلانٹس کی ضلع /ہسپتال وار صورتحال ، آئی سی یو بیڈز سمیت پیڈیاٹرک بیڈز کی ضلع /ہسپتال وار دستیابی ، سٹاک پوزیشن کا بھی جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ ٹیسٹنگ کی سہولیات میں اضافہ کیا گیا ہے ۔مطلوبہ ادویات جے کے ایم ایس سی ایل اسٹورز کے پاس دستیاب ہیں جنہیں مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے ہسپتالوں میں منتقل کیا جاتا ہے ۔