جموں//کشمیری پنڈت پریمئیر لیگ کے ایک وفد نے آج لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق خان سے ملاقات کی اور مطالبات کا ایک چارٹر پیش کیا ۔ صدر جے اینڈ کے فورم فار پیس اینڈ ری کنسیلیشن ڈاکٹر ونے تھسو کی قیادت میں وفد میں آئی کیو ڈبلیو اے اے ٹی اسپورٹس آرگنائیزیشن کے نائب صدر انکُربگتی اور جے اینڈ کے رائیزنگ ایتھلیٹ کے صدر اور بانی ساحل پنڈتا شامل تھے ۔ مشیر نے وفد کو یقین دلایا کہ جگٹی ٹاؤن شپ ، مہاجر کیمپ پورکھو اور مہاجر کیمپ مٹھی میں کھیلوں کی جدید ترین سہولیات جلد فراہم کی جائیں گی ۔ مشیر خان نے جموں و کشمیر میں کھیلوں کے فروغ کیلئے لیگ ( کے پی پی ایل ) کے اراکین کی کوششوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو شامل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تا کہ ان کی توانائیوں کو صحیح سمت میں استعمال کیا جا سکے ۔ مشیر نے وفد کے مطالبات کا جواب دیتے ہوئے یقین دلایا کہ مٹھی اور پورکھو کیمپ سمیت مختلف مقامات پر بیرونی کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو بھی بڑھایا جائے گا ۔ ڈاکٹر ونے تھسو نے مسائل اور خدشات کے ازالے میں گہری دلچسپی لینے پر مشیر خان کا شکریہ ادا کیا ۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ سالانہ کے پی پی ایل کا دوسرا ایڈیشن جس میں جموں و کشمیر سے 450 کھلاڑیوں نے حصہ لیا ، بشمول ملک کے باقی حصوں سے 60 کھلاڑی 5 دسمبر سے 22 دسمبر 2021 تک منعقد ہوا ۔