جموں// پرنسپل سیکرٹری زراعت اور بہبودِ کساناں نوین کمار چودھری نے آج یہاں سول سیکرٹری میں جموںوکشمیر کی زراعت اور باغبانی کی مصنوعات کی مارکیٹنگ کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ٹیریٹری ہیڈ جے اینڈ کے پالیسی ایڈووکیسی ریسرچ سینٹر ( پی اے آر سی ) روچیتا رینے نے شرکت کی اور اَپنے تجربے شیئر کئے۔یہ میٹنگ ٹیکنیکل اِنٹرونشنز ،مکئی ، باجرا اور دیگر فصلوں کی پیداوار بڑھانے اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنے کے لئے اپنائے جانے والے مارکیٹ سے منسلک طریقہ کار پر تبادلہ خیال اور غور و خوض کرنے کے لئے طلب کی گئی تھی۔ پرنسپل سیکرٹری کی طرف سے یہ فیصلہ لیا گیا کہ جموں ضلع میں 25ہیکٹر اراضی پر پائلٹ بنیادوں پر فاکس ٹیل باجرے کی بوائی کی جائے گی۔اِسی طرح خطے میں مکئی کی پیداوار بڑھانے کی خاطر راجوری ، پونچھ او ربانہال سب ڈویژن علاقوں میں تکنیکی نگرانی سے معیار کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ مارکیٹنگ کو بہتر بنانے کے لئے اِختراعی اِقدامات اگلے مراحل میں فراہم کئے جائیں گے۔پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ دونوں فصلوں کے پائلٹ ٹریل میں حصہ لینے کے لئے آزاد اَنٹرپرینیوروں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ محکموں کی جانب سے انہیں زمین اور تکنیکی معلومات فراہم کی جائیں گی۔پرنسپل سیکرٹری زراعت و بہبودِ کساناں نوین کمار چودھری نے جموں اور کشمیر دونوں خطوں کے کسانوں کی سہولیت کے لئے ’’ کراپ کیلنڈر‘‘ بنانے کے تصور کی تعریف کی ۔ اُنہوں نے کیلنڈر بنانے میں مدد کے لئے مقامی فصلوں اور ان کی کاشت کے اعدادو شمار کے بارے میں تفصیلی معلومات طلب کیں۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں رام سیواک ، ایڈیشنل سیکرٹری ہارٹیکلچر جہانگیر ہاشمی ، ڈائریکٹر زراعت جموں کے کے شرما، جوائنٹ اگریکلچر جموں اے ایس رین ، جے ڈی مارکیٹنگ پی ایچ ایم ، انفرااینڈ ایف ایم جموں مہیش ورما ، بیج کے تجزیہ کار راکیش شرما اور ٹیکنیکل آفیسر سنجیو کھجوریہ نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل ہارٹی کلچر کشمیر اعجاز احمد بٹ اور کشمیر کے دیگر اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔