جموں//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے آج عمل آوری ایجنسیوں کے اَفسران اور پولی تکنیک کالجوں کے پرنسپلوں کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں محکمہ کے دیگر مسائل اور جاری پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، چیف اِنجینئران ، کالجوں کے پرنسپل موجود تھے جبکہ کشمیر میں مقیم اَفسران نے بذریعہ وڈیوکانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔ڈاکٹر اَصغر سامون نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ نئے سیشن کے آغاز سے قبل کالجوں کو مکمل کریں ۔اُنہوں نے کہا کہ مطلوبہ بنیادی ڈھانچہ کی عدم موجودگی کی وجہ سے طلباء کو معیاری تعلیم حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ کالج دُور دراز علاقوں میں نوجوانوں کی تربیت کے لئے قائم کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ طلباء اِن کالجوں کے آس پاس میں اَقامتی رہائش کرائے پر لینا برداشت نہیں کرسکتے ۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اِس لئے اُنہیں چاہیئے کہ وہ ان تمام نشاندہی شدہ ڈھانچوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے لئے سائٹس پر اَفرادی قوت اور مشینری کو دوگنا کریں۔پرنسپل سیکرٹری نے پولی تکنیک کالجوں کے پرنسپلوں کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے کالجوں میں ویڈیو کلاسوں کی سہولیات چیف سیکرٹری کی خواہش کے مطابق اِنسٹال کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس سہولیت کی فراہمی سے دُور دراز علاقوں کے طلباء دیگر کالجوں اور یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران کی کلاسوں میں شرکت کرسکتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان فاصلہ کم کیا ہے ۔ اِس لئے بہتر ہے کہ اِس سے اِستفادہ کر کے اَپنے طلبا کو معیاری تربیت فراہم کی جائے ۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے اَفسران سے مزید کہا کہ وہ بیک وقت اِن کالجوں کے لئے مشینری کی خریداری کا عمل شروع کریں تاکہ متوقع وقت کے اندر اِس کی وصولی ہوسکے۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ ٹینڈرنگ کا عمل رواں ماہ میں مکمل کیا جائے تاکہ اگلے مہینے سے اِس کی آمد شرو ع ہوجائے ۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ کالجوں میں اِن سہولیات کی تنصیب کے لئے ضروری رسمی کارروائیان شروع کی گئی ہیں ۔ اِس کے علاوہ پروجیکٹوں پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ اکیڈمک بلاکوں اور دیگر لیبارٹریوں کو عمل آوری ایجنسیوں کے ذریعے معیاد بند وقت کے مطابق محکمہ کے حوالے کیا جائے گا جیسا کہ میٹنگ میں بتایا گیا ہے۔