سری نگر//شمالی کشمیر کے ضلع بارہ مولہ کے ہالن بونیار گاوں میں برف باری سے شاہرائیں بند ہونے کے باعث اہل خانہ نے حاملہ خاتون کو چارپائی پر اُٹھا کر ہسپتال پہنچایا۔محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جس خاتون کو چارپائی پر اُٹھا کر ہسپتال پہنچایا گیا اُس سے قبل از وقت ہی بھرتی ہونے کی صلاح دی گئی تھی۔ بارہ مولہ کے دور اُفتادہ گاوں ہالن بونیار میں بدھ کے روز بھاری برف باری کے باعث رابط سڑکیں برف سے ڈھک گئیں جس وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور میں دقتیں پیش آ رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بدھ کی صبح کو بونیار کے ہالن پہلی پورہ سے حاملہ خاتون کو چارپائی پر اُٹھا کر ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔خاتون کے شوہر محمد سلیم کھٹانہ نے بتایا کہ پبلک ہیلتھ سینٹر بونیار کے ذمہ دار وں کو فون پر اطلاع دی گئی کہ حاملہ خاتون کو ہسپتال پہنچانے کی خاطر فوری طورپر ایمبولنس علاقے کی اور روانہ کی جائے۔اُن کے مطا بق شاہراہ پر بھاری برف جمع ہونے کے باعث ایمبولنس دور اُفتادہ علاقے تک نہیں پہنچ پائی جس کے بعد اہلیہ کو ہسپتال تک لیجانے کی خاطر چار پائی کا سہارا لینا پڑا۔انہوں نے بتایا کہ چونکہ خاتون کی حالت انتہائی خراب ہوئی جس کے بعد مقامی لوگوں کی مدد سے خاتون کو چارپائی پر اُٹھا کر پانچ کلومیٹر کی پیدل مسافت طے کرنے کے بعد اُس مقام پر پہنچے جہاں پرایمبولنس موجود تھی۔مذکورہ شہری نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراؤں پر موجود برف کو صاف کرنے کی خاطر ہنگامی طورپر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ بیماروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔محکمہ صحت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ سبھی آفیسران کو پیشگی اطلاع دی گئی ہے کہ حاملہ خواتین کو فوری طورپر نزدیکی ہسپتالوں میں بھرتی کیا جائے تاکہ برف باری کے پیش نظر اُنہیں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہاکہ ہالن بونیار میں بدھ کے روز جس خاتون کو چار پائی پر اُٹھا کر ہسپتال لایا گیا اُس کو بھی قبل از وقت ہی ہسپتال میں بھرتی ہونے کی صلاح دی گئی تھی لیکن اُس نے ایسا نہیں کیا۔