بارہمولہ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ( وائی ایس ایس ) جے اینڈ کے کے زیر اہتمام اسکیٹنگ کا سالانہ تربیتی پروگرام یہاں کے خوبصورت گلمرگ میں شروع ہوا ۔ پرنسپل سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس آلوک کمار اور محکمہ کے ڈائریکٹر غضنفر علی کی نگرانی میں 100 طالب علم اسکائیرز کے پہلے بیچ نے گلمرگ کی برف سے ڈھکی وادی میں اپنی تربیت شروع کر دی ہے ۔ ڈائریکٹر وائی ایس ایس نے تربیتی پروگرام کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیمپ کے کامیاب انعقاد کیلئے محکمہ نے تربیت یافتہ افسران اور سکینگ انسٹرکٹرز کو تعینات کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرینرز اولمپئین گل مصطفی دیو کی تکنیکی رہنمائی میں کام کر رہے ہیں اور محکمہ نے خوبصورت صحت ریزورٹ میں تربیت حاصل کرنے والوں کے قیام اور رہائش کے بہترین انتظامات کئے ہیں ۔ ڈائریکٹر اسپورٹس نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر یو ٹی کے دس اضلاع سے منتخب 100 طلباء اسکیٹنگ کی بنیادی تربیت حاصل کر رہے ہیں ۔ ان اضلاع میں اودھمپور ، ریاسی ، راجوری ، رام بن ، سانبہ ، کپواڑہ ، کولگام ، شوپیاں ، سرینگر اور پلوامہ شامل ہیں ۔ محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کی جانب سے اس سیزن میں سینکڑوں لڑکوں اور لڑکیوں کی سکی کی بنیادی تربیت دی جا رہی ہے ۔ انڈین انسٹی چیوٹ آف اسکیٹنگ اینڈ ماؤنٹینیرنگ نے گلمرگ میں سکی کے مختلف تربیتی کورس شروع کئے ہیں ۔