سری نگر// قاضی گنڈ بانہال ٹنل کے اندر جموں سے سری نگر کی طرف آرہی ایک ٹوریسٹ گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ 13 سیاح شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر رام بن نے ایک ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ایس ڈی ایم رام بن جائے موقع پر پہنچے ہیں۔محکمہ ٹریفک کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ منگل پانچ بجے کے قریب بانہال قاضی گنڈ ٹنل کے اندر سیاحوں سے بھری ایک گاڑی زیر نمبر JK02AT 6530 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر اُلٹ گئی جس وجہ سے ڈرائیور سمیت 13سیاح زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ حکام فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے تین کو مزید علاج ومعالجہ کی خاطرسری نگر ریفر کیا گیا ہے۔مذکورہ آفیسر نے بتایا کہ گاڑی میں کل ملا کر 22 سیا ح سوار تھے جن میں سے 13زخمی ہوئے جبکہ ڈرائیور کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔انہوں نے متوفی ڈرائیور کی شناخت طاریق احمد ولد ارشاد احمد ساکن متل اُدھم پور کے بطور کی۔اُن کے مطابق گاڑی میں سوار سبھی سیاح گزشتہ روز اُتر پردیش سے کٹرا پہنچے اور وہاں پر ماتو ویشنو دیوی مندر میں حاضری دینے کے بعد سیر و تفریح کی خاطر منگل کے روز سری نگر کی طرف روانہ ہوئے۔محکمہ ٹریفک کے عہدیدار نے بتایا کہ زخمیوں کی شناخت کیلئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔دریں اثنا ایس ڈی ایم بانہال نے ہسپتال میں بھرتی زخمیوں کی عیادت کی اور اُنہیں بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔