سری نگر//ضلع مجسٹریٹ سری نگر اعجاز اسد نے لوگوں کو کورونا گائیڈ لائنز پر من وعن عمل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اومیکرون ویرنٹ کے پیش نظر کورونا رہنما اصولوں پر عمل کرنا ناگزیر بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر جگہ کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ درج ہو رہا ہے لہذا گائیڈ لائنز پر عمل کرنا ضروری ہے جو نہیں کرئے گا اُس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار یہاں لالچوک علاقے میں جمعے کی شام کو کورونا گائیڈ لائینز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ایک مہم کے دوران میڈیا سے گفتگو میں کیا ہے۔انہوں نے کہا : ’ہم نے سری نگر میں آج یہ مہم شروع کی ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ اہم بازاروں اور گاڑیوں میں کوئی شخص ماسک کے بغیر نہیں ملنا چاہئے‘۔موصوف ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ پورے ملک میں اومیکرو ن کیسز میں اضافہ درج ہو رہا ہے لہذا ایس او پیز پر عملدرآمد بہت ضروری ہے۔انہو ں نے کہا: ’ایس او پیز پر عملدرآمد کی خاطر ضلع انتظامیہ نے پولیس کے ساتھ مل کر ایک مہم شروع کی ہے‘۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ کیسز میں کمی کے بعد ہمیں خوش فہمی ہونے لگتی ہے کہ وائرس ختم ہو گیا ہے لیکن ہمیں یہ یاد رکھنا چاہئے کہ وائرس ابھی بھی زندہ ہے اوراس کے خلاف ہم سب کو متحد ہو کر جنگ لڑنی ہئے۔انہوں نے کہا : ’ایس او پیز پر عملدرآمد کوئی سزا نہیں بلکہ کورونا سے لڑنے کے لئے یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ جو بھی کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرئے گا اُس کے خلاف کارروائی کی جائے گ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جن لوگوں نے پہلا کورونا ٹیکہ لگایا ہے اُنہیں فوری طورپر دوسرا بھی لگانا چاہئے ۔اُن کے مطابق کورونا سے بچنے کی خاطر انتظامیہ اور لوگوں کو مل جل کر کام کرنا چاہئے تاکہ اس جان لیوا مہا ماری سے نجات مل سکے۔اعجاز اسد کے مطابق کورونا سے جنگ جیتنے کی خاطر عوام الناس کو سامنے آنا چاہئے کیونکہ انتظامیہ اکیلئے اس وائرس کے خلاف جنگ جیت نہیں سکتی ہے۔جب اُن سے سوال کیا گیا کہ مسافر بردا ر گاڑیوں میں بھیڑ بکریوں کی طرح لوگوں کو ٹھونسا جارہا ہے تو اس کے جواب میں موصوف ضلع ترقیاتی کمشنر نے بتایا کہ مسافر بردا رگاڑیوں میں انسان بیٹھتے ہیں اُنہیں اس بات کی پوری علمیت ہے کہ وائرس اُن پربھی حملہ کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کورونا رہنما اصولوں پر من وعن عمل کرنی چاہئے تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے لوگوں سے مودبانہ اپیل کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر آتے وقت ماسک کا استعمال کریں اور انتظامیہ کے ساتھ اس حوالے سے اپنا بھر پور دست تعاون فراہم کریں۔