جموں//انفو//ایک مختصر تقریب میں جموںوکشمیر او رلداخ ہائی کورٹ نے آج ہائی کورٹ کے لئے ’’ اِی۔ فائلنگ ایپلی کیشن‘‘ اور ماتحت عدلیہ کی خاطر ’’ ایمپلائیز ریکارٹ مینجمنٹ سسٹم ایپلی کیشن ‘‘ کا آغاز کیا۔ جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ، جسٹس پنکج متھل نے اَپنے ساتھی ججوں کی موجودگی میں ایپلی کیشنوں کا اِی ۔ اِفتتاح کیا۔ اِی۔ فائلنگ ایپلی کیشن ہائی کورٹ میں فائلنگ کے موجودہ طریقہ کار کو ایک ایسے نظام کے ذریعے پورا کرے گی جو پریشانی کے بغیر ، شفاف ، وقت کی بچت اور زیادہ مؤثر ہے۔اَب کوئی وکیل یا مدعی صرف اَپنے کام کی جگہ سے یا اَپنی سہولیت کے کسی اور مقام سے اِی ۔ فائلنگ پورٹل میں لاگ اِن کر کے ہائی کورٹ کے سامنے معاملہ دائر کر سکتا ہے۔اِسی طرح ایمپلائیز ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کا مقصد ماتحت عدلیہ میں کام کرنے والے اِنسانی وسائل کا اِنتظام کرنا ہے۔ایپلی کیشن میں جموںوکشمیر اور لداخ یوٹیوں کے ماتحت عدلیہ کے تقریباً2,500 ملازمین کی تفصیلی معلومات موجود ہیں ۔معلومات میں ملازم کی ذاتی تفصیلات اور مدت کے ساتھ اس کی تمام پوسٹنگ تفصیلات شامل ہیں۔اَب ایپلی کیشن کا ایڈمن ایک کِلک کے ساتھ ماتحت عدلیہ کے ملازم سے متعلق تمام متعلقہ ریکارڈ حاصل کرسکتا ہے اور ملازم کے نام / منفرد شناخت ، عہدہ ، پوسٹ اور مدت ملازمت وغیرہ کے ذریعہ تلاش کو فِلٹر کرسکتا ہے۔اِفتتاحی تقریب میں آئی ٹی کمیٹی کے چیئرپرسن جسٹس علی محمد ماگرے نے جسٹس سنجیو کمار ، جسٹس رجنیش اوسوال ، جسٹس سنجے دھر اور جسٹس ایم اے چودھری کے ہمراہ بذریعہ ورچیول موڈ ہائی کورٹ سری نگر وِنگ میں شرکت کی، جبکہ جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکر ، جسٹس سندھو شرما ، جسٹس وِنود چٹرجی کول،جسٹس پونیت گپتا، جسٹس جاوید اِقبال وانی اور جسٹس موہن لال ، ہائی کورٹ جموں وِنگ میں ذاتی طور پر موجود تھے۔ تقریب میں بذریعہ ورچیول یا ذاتی طور پر حصہ لینے والے دیگر معززین میں ایڈوکیٹ جنرل ڈی سی رینہ ،رجسٹرارجنرل ہائی کورٹ جواد احمد ، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری راجیو گپتا ، رجسٹرار ویجی لنس شہزاد عظیم ، ڈائریکٹر جے اینڈ کے جوڈیشل اکیڈیمی سنجے پریہار ،ممبرسیکرٹری جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی ایم کے شرما اور رجسٹری کے دیگر اَفسران شامل ہیں۔ اِس تقریب کو یوٹیوب چینل پر بھی لائیو سٹریم کیا گیا۔تقریب کی نظامت کے فرائض سینٹرل پرجیکٹ کوآرڈی نیٹر ای ۔کورٹس جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ انوپ کمار شرما نے اَنجام دی اور اُنہوں نے اِبتداً دونوں ایپلی کیشنوں کے ورک فلو کے بارے میں ایک مختصر پرزنٹیشن بھی دی۔