جموں//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی میں آڑے آنے والی تمام دیواروں کو مسمار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بعض لوگ جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی نہیں چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سری نگر میں سال آئندہ 22 مئی کو رئیل اسٹیٹ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں جموں وکشمیر ائیل اسٹیٹ کانفرنس سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’جموں و کشمیر کے لئے ایک نئی صنعتی اسکیم بنی تھی جس کے لئے 20 ہزار کروڑ روپیے کی سرمایہ کاری ضرور ہوگی اور اس کے لئے44 ہزار کروڑ روپیے کی تجویز ہے‘۔ان کا کہنا تھا: ’لیکن یہاں دسری دقت یہ ہے کہ کچھ لوگ نہیں چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر کے لوگ بھی ملک کی باقی ریاستوں کے لوگوں کی طرح ترقی کر سکیں‘۔انہوں نے کہا: ’یہ لوگ الزام لگاتے ہیں کہ یہاں روزگار نہیں ہے، اندسٹری کو زمین نہیں دیں گے لیکن چاہتے ہیں کہ یہاں انڈسٹری لگ جائے‘۔مسٹر سنہا نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔جو یہاں کی بے روزگاری کی وجہ ہے۔انہوں نے کہا: ’ہم ان تمام دیواروں کو توڑ دیں گے جو یہاں کی ترقی کے راستے میں کھڑی کی جائیں گی‘۔ان کا کہنا تھا کہ یہاں ترقی صرف چند لوگوں کا ہی حق نہیں ہے جو ملک کے باہر مکان بھی بنائیں گے اور اپنے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے بھی بھیجیں گے۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب جموں و کشمیر کے لوگ ترقی کے لحاظ سے ملک کی باقی ریاستوں کے لوگوں کے برابر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہاں کچھ ذاتوں کے لوگوں کو زمین رکھنے حق نہیں تھا ہم نے ایسے قوانین جو لوگوں کی ترقی میں حائل تھے کو منسوخ کیا ہے۔