سری نگر// محکمہ ٹریفک سری نگر میں ٹریفک نظام کو درست کرکے راہگیروں کی نقل و حمل کو آسان بنانے کے لئے اپنی تمام ترکوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ان ہی کوششوں کی ایک کڑی کے طور پر متعلقہ محکمے نے پیر کے روز سری نگر کے کرن نگر اور شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال کے باہر درجنوں گاڑیوں جن میں آٹو رکشا،موٹر سائیکل وغیرہ بھی شامل تھے، کو غلط پارکنگ اور ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کرنے کے پاداش میں ضبط کیا گیا۔اس موقع پر ایس پی ٹریفک سٹی مظفر احمد شاہ نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے شہر میں ٹریفک کی بلال خلل نقل و حمل کو یقینی بنانے کے لئے یہ مہم شروع کی ہے۔انہوں نے کہا کہ غلط پارکنگ جہاں ٹریفک جام کا سبب بن جاتی ہے وہیں راہگیروں کو بھی چلنے پھرنے میں نا قابل برداشت مشکلات پیدا کر دیتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کئی مقامات پر پارکنگ سہولیات دستیاب ہونے کے باوجود بھی لوگ غلط پارکنگ کرتے ہیں جو گوناگوں مشکلات کا باعث بن جاتی ہیں۔موصوف ایس پی نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہی سڑک حادثات کا بنیادی باعث بن جاتی ہیں جس کی وجہ سے ہر سال سینکڑوں جانیں تلف ہوجاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ غلط پارکنگ کرنے یا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے سے باز نہیں آئیں گے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ سرکاری اعداد شمار کے مطابق یونین ٹریٹری میں سال2021 کے دوران 5 ہزار 36 ٹریفک حادثات رونما ہوئے جن میں 713افراد لقمہ اجل بن گئے۔