دھولے// اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے اتوار کے روز کہا کہ ہمارے پاس صدی کی وبامیں وزیر اعظم نریندر مودی جیسی مشکل کشا(سنکٹ موچن) قیادت ہے جنہوں نے دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کو سب سے بڑے بحران کورونا سے باہر نکلنے میں ’فرنٹ سے فائٹ‘ کی ہے۔یہاں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر نقوی نے کہا کہ مسٹر مودی نے لوگوں کی صحت اور سلامتی کے لیے معقول سہولیات اور وسائل فراہم کیے اور قیادت کے تئیں اعتماد نے لوگوں کے تحمل اور احتیاط کے مثبت عزم کو تقویت دی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے ہر طبقہ، برادری، علاقہ، مذہب کی صحت اور سلامتی کے لئے کام کیا ہے۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ آج کورونا ویکسینیشن کی تعداد 141 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ملک کے 80 کروڑ سے زیادہ ضرورت مندوں کو مفت اناج فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گھبرانے کی بجائے احتیاط، روک تھام اور مناسب سہولیات کو ترجیح دی۔ سال 2020 میں جب ہندوستان میں کورونا کی پہلی لہر آئی تو کورونا جیسی وبا سے لڑنے کے لیے اتنے وسائل دستیاب نہیں تھے۔ آج ہندوستان کورونا ٹیسٹنگ کِٹ، ڈیڈی کیٹڈ کورونا اسپتال، ڈیڈی کیٹڈ کورونا ہیلتھ سنٹر، آئسولیشن بیڈ، آئی سی یو بیڈ، این-95 ماسک کی تیاری، پی پی ای کٹ، میڈیکل آکسیجن، وینٹی لیٹر، یا پھر ویکسین کی تیاری ہو ہندوستان خود کفیل ہو گیا ہے۔ جنوری 2020 سے پہلے میڈیکل آکسیجن کی پیداوار صرف 900 ٹن یومیہ تھی جو بڑھ کر 9000 ٹن یومیہ سے زیادہ ہو گئی ہے۔