جموں//ڈی ڈی سی چیئر پرسن بارہمولہ محترمہ سفینہ بیگ ، سابق وزیر جموں و کشمیر سکھ نندن چودھری ، سپارکل وومن کلب کے وفد نے آج یہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ محترمہ سفینہ بیگ نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے ضلع بارہمولہ کی ترقی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے یو ٹی میں لاگو نئے مالیاتی نظم و ضبط کی تعریف کی اور لفٹینٹ گورنر سے ای ٹینڈرنگ کے عمل کو ہموار کرنے پر زور دیا ۔ ڈی ڈی سی چئیر پرسن کو سُنتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ نے یو ٹی کے تمام خطوں کی تیز رفتار ترقی کو آسان بنانے کیلئے بہت سے نئے اقدامات اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے اسے میرٹ پر اس کے حقیقی تحفظات پر مناسب کاروائی کا یقین دلایا ۔سابق وزیر نے لفٹینٹ گورنر کے نوٹس میں عوامی اہمیت کے مختلف مسائل لائے جن میں الاٹ کی گئی زمین کی تبدیلی کا مسئلہ ،ایل بی 7 کے تحت 1971 اور 1965 کے پناہ گزینوں کے حق میں جو اس علاقے میں آباد ہوئے ، اس کے علاوہ ان کسانوں کیلئے معاوضے اور بحالی کا معاملہ جن کی زمین گھرانہ ویٹ لینڈ کی ترقی کیلئے حاصل کی گئی ہے ، محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول میں اعلیٰ افسران کی خالی آسامیوں کو پُر کرنا شامل تھا تا کہ محکمے کے بہترین کام کو یقینی بنایا جا سکے اور کسانوں کیلئے آبپاشی کی سہولیات میں اضافہ ہو ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سابق وزیر کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ تمام حقیقی مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کی اپنی کوششیں جاری رکھیں ۔ دریں اثنا سپارکل وومن کلب کے ایک وفد نے بھی لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں کمیونٹی کی خدمت میں مصروف اپنی تنظیم کے بارے میں آگاہ کیا ۔ محترمہ بینو لکرا نے اس تنظیم کا ایک مختصر جائیزہ پیش کیا جو کینسر میں مبتلاء بچوں کی مختلف طریقوں سے مدد کر رہی ہے جس میں پی ای ٹی سکین اور ریڈیو تھراپی کی سہولیات ، بچوں کیلئے ہسپتالوں میں جدید آلات کی فراہمی کے علاوہ دیگر سرگرمیاں شامل ہیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کمیونٹی کی خدمت میں کلب کے ممبران کی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنا عمدہ کام جاری رکھیں اور ان کی انسانی ہمدردی کی کوششوں میں یو ٹی انتظامیہ کے ہر تعاون کا یقین دلایا ۔