جموں// جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر پیر کے روز بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کا ایک اہلکار دوران ڈیوٹی ایک بارودی سرنگ دھماکے میں شدید زخمی ہوگیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے بالاکوٹ سیکٹر میں ایل او سی پر پیر کے روز بی ایس ایف کا ایک اہلکار زیر زمین بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں شدید زخمی ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ دھماکے سے مذکورہ فوجی جوان کا چہرہ اور دونو ہاتھ زخمی ہوگئے۔زخمی جوان کی شناخت کانسٹیبل اجیش کے کے بطور ہوئی ہے جو بی ایس ایف کی 146 بٹالین سے وابستہ ہیں۔مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ زخمی جوان کو علاج و معالجے کے لئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اودھم پور ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔دریں اثنا ایک پولیس افسر نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔