23 دسمبر سے برف باری کی پیش گوئی
سری نگر،16 دسمبر(یو این آئی) وادی کشمیر میں جہاں ایک طرف سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ ’چلہ کلان‘ جیسی سردیوں کا زور برابر جاری ہے وہیں دوسری طرف محکمہ موسمیات نے 23 دسمبر سے درمیانی سے بھاری برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق جموں و کشمیر اور لداخ میں 22 دسمبر تک موسم خشک رہ سکتا ہے تاہم 23 دسمبر کو موسم کروٹ بدل سکتا ہے۔انہوں نے کہا جموں و کشمیر اور لداخ میں 23 سے25 دسمبر تک درمیانی سے بھاری برف باری متوقع ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ وادی کی سرد ترین جگہ رہی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ میں بدھ کے روز برف باری بھی ہوئی۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی15.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی19.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثنا وادی میں جمعرات کے روز موسم خشک رہا اور ہلکی سی دھوپ بھی چھائی رہی جس سے لوگوں کو صحنوں، پارکوں اور دکان تھڑوں پر لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔تاہم سدی سے بچنے کے لئے دفتروں، دکانوں اور دیگر کام کی جگہوں پر دن میں بھی گرمی کے الیکٹرانک آلات یا گیس ہیٹروں کا استعمال کیا جا رہا ہے جس کے بغیر کام کرنا نا ممکن ہے۔