سری نگر//جنوبی ضلع کولگام کے ریڈونی بالا گاوں میں جنگجووں اور سیکورٹی فورسز کے مابین شبانہ تصادم شروع ہوا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ’بدھ کی شام کو سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ضلع کولگام کے ریڈونی بالا علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا‘۔انہوں نے کہا کہ جونہی حفاظتی عملے نے مشتبہ مقام کی اور پیش قدمی شروع کی تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔پولیس ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔اُنہوں نے بتایا کہ جنگجووں کو سرینڈر کرنے کا بھر پور موقع فراہم کیا گیا تاہم وہ لڑنے پر بضد ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں دو جنگجو پھنس کر رہ گئے ہیں جنہیں مار گرانے کی خاطر اضافی کمک کو بھی طلب کیا گیا ہے۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں رک رک کر گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔