جموں// بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر روندر رینہ کا کہنا ہے کہ ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر جموں وکشمیر میں امن کو پسند نہیں کرتے ہیں لیکن ایسے لوگوں کا بھی علاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پونچھ اور راجوری میں بھاجپا کی ریلیوں میں لوگوں کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ اگلی حکومت بی جے پی بنائے گی۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے پونچھ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔روندر رینہ نے بتایا کہ پی ڈی پی، نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے جموں وکشمیر کے عوام کو ترقی سے محروم رکھا۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں حالات معمول پر آنے کے ساتھ ہی ملک دشمن عناصر ذہنی کوفت کا شکار ہو کر حالات کو درہم برہم کرنے کی سازشیں رچا رہے ہیں۔بھاجپا صدر نے کہا کہ ملک دشمن عناصر امن و امان کو بگاڑنے کی سعی کر رہے ہیں لیکن ایسے لوگوں کا بھی علاج کیا جائے گا۔اُن کے مطابق راجوری اور پونچھ میں پچھلے تین دنوں سے بھاجپا کی ریلیوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔انہوں نے بتایا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی جموں وکشمیر اگلی سرکار بنائے گی۔