سری نگر//چندیپ سنگھ ( بین الاقوامی پیرا تائیکوانڈو ایتھلیٹ ) نے استنبول ترکی میں منعقدہ نوین پیرا ورلڈتائیکوانڈو چمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔ تائیکوانڈو چمپئن شپ 9سے 12؍ دسمبر 2021ء تک منعقد ہوئی۔چند یپ سنگھ نے پوری چمپئن شپ میں بہت اَچھا کھیلا اور فائنل میں پہنچ گئے اور روس کے ساتھ انتہائی قریبی مقابلے میں اَپنا فائنل ہار گئے ۔ چند یپ سنگھ جنہوں نے تائیکو انڈو کوچ جے اینڈ کے سپورٹس کونسل اتل پنگوترا سے تربیت حاصل کی اور بین الاقوامی ایونٹ میں اَپنی صلاحیتوں کا ثبوت دیا۔چندیپ سنگھ جموںوکشمیر کے پہلے پیرا ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر اِس اولمپک کھیل میں اتنا بڑا مقام حاصل کیا اور صرف جموںوکشمیر سپورٹس کونسل کی تربیت ، کوچنگ اور مالی تعاون کی وجہ سے ممکن ہوا۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے چندیپ سنگھ کو اِس کارنامے کے لئے مبارک باد دی ہے اور کہا ہمیں پورایقین ہے کہ وہ کامیابی کے ساتھ آنے والے بین الاقوامی تائیکوانڈو ایونٹوں میں اَپنا مقام محفوظ کرسکتے ہیں اور جموںوکشمیر یوٹی اور ملک کو مزید شہر ت دلائیں گے۔سیکرٹری سپورٹس کونسل نزہت گل نے بھی چندیپ سنگھ کو مبارک باد دی ہے اور ان کی مستقبل کی کوششوں میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔